بھٹکل 2اگست (ایس او نیوز) بھٹکل میں گذشتہ دو تین دنوں سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں لوگ اپنے اپنے گھروں اور دفاتر میں چپک کر رہ گئے ہیں۔ ویسے تو ایک ماہ سے وقفے وقفے سے ساحلی علاقوں میں بارش جاری ہے مگر عیدالاضحیٰ کے دن سے یعنی جمعہ سے ساحلی علاقوں میں کچھ زیادہ ہی بارش دیکھی جارہی ہے۔
آج اتوار کو بھی صبح سے لگاتار بارش جاری ہے، دوپہر کو بھی آسمان اتنا زیادہ ابرآلود ہے کہ شام کا سماں لگ رہا ہے۔ لگاتار بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے اور لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔
اس بار عوام کے لئے راحت کی بات یہ ہے کہ تعلقہ انتظامیہ نے لاک ڈاون کے دوران یعنی مانسون شروع ہونے سے پہلے ہی بارش کی تمام تیاریاں مکمل کرلی تھی اور نالوں کی صفائی کردی تھی، یہی وجہ ہے کہ زوردار بارش کے باوجود اس بار شمس الدین سرکل، نیشنل ہائی وے اور رنگین کٹہ وغیرہ پر پانی جمع ہوتا ہوا نظر نہیں آیا۔